تین ہائی کے بعد گھانا کو وزیراعظم ہند کا پہلا دورہ۔ ہندوستانی کمپنیوں نے 2 ارب ڈالر کا سرمایہ مشغول کیا
اکرا/نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اکرا میں صدر جان ڈرامانی مہاما کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہندوستان اور گھانا نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع شراکت داری کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف ایک شراکت دار ہے بلکہ گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ایک ہم سفر بھی ہے ۔ باہمی بات چیت کے بعد اکرا کے جوبلی ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تین دہائیوں کے وقفے کے بعد کوئی ہندوستانی وزیر اعظم گھانا کا دورہ کر رہا ہے اور یہ ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ انہیں گھانا کے دورے کا موقع دیا گیا ہے ۔ انہوں نے صدر مہاما کو دسمبر 2024 کے عام انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی، جو دوسری مدت کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت گھانا کے عوام کے ان کی قیادت اور وژن پر گہرے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ۔ مودی نے کہا کہ صدر مہاما اور میں نے اپنی دو طرفہ شراکت داری کو ‘جامع پارٹنرشپ’ کی سطح تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ہندوستان نہ صرف شراکت دار ہے بلکہ ایک ہم سفر بھی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شاندار جوبلی ہاؤس، فارن سروس انسٹی ٹیوٹ، کومینڈا شوگر فیکٹری، انڈیا-گھانا کوفی عنان آئی سی ٹی سنٹر اور ٹیما-پکاڈن ریلوے لائن دو طرفہ شراکت داری کی علامت ہیں۔ باہمی تجارت 3 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے ۔ ہندوستانی کمپنیوں نے تقریباً 900 منصوبوں میں لگ بھگ 2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ مودی نے کہا کہ آج، ہم نے اگلے پانچ برسوں میں اپنی باہمی تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فن ٹیک کے شعبے میں ہندوستان گھانا کے ساتھ اپنے یوپی آئی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے تجربے کو شیئر کرنے کے لیے تیار ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ترقیاتی شراکت داری دو طرفہ تعلقات کا ایک بنیادی ستون ہے ، انہوں نے اقتصادی تنظیم نو کے لیے صدر مہاما کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ہندوستان نے گھانا کے لیے آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر اسکالرشپس کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دونوں ہی گلوبل ساؤتھ کے ممبر ہیں اور اس کی ترجیحات کے لیے گہرا عزم رکھتے ہیں۔ ہم ’وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ‘ میں گھانا کی مثبت شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کو فخر ہے کہ ہماری جی۔20 صدارت کے دوران افریقی یونین کو جی۔20 میں مستقل رکنیت دی گئی۔ دونوں فریقوں نے ساحل کے علاقے سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مودی نے گھانا میں نکرومہ میموریل پارک میں خراجِ عقیدت پیش کیا
اکرا/نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گھانا کی راجدھانی اکرا میں واقع نکرومہ میموریل پارک کا دورہ کیا اور گھانا کے بانی صدر اور افریقہ میں تحریک ِآزادی کے عظیم رہنما ڈاکٹر کوامے نکرومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گھانا کی نائب صدر پروفیسر نانا جین اوپوکو-اگیمنگ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔وزیر اعظم نے ڈاکٹر نکرومہ کی یادگار پر گلہائے عقیدت نذرکیے اور آزادی، اتحاد اور سماجی انصاف کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کے احترام میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔ وزیر اعظم کی جانب سے پیش کیا گیا خراجِ عقیدت گھانا کی شاندار تاریخ کے لیے ہندوستان کے گہرے احترام کا مظہر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط رشتوں کی توثیق کرتا ہے ۔