نئی دہلی ۔ 8 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیر اُمور خارجہ ایس جئے شنکرنے آج متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے اپنے ہم منصب شیخ عبداﷲ بن زائد کے ساتھ بات چیت منعقد کی اور کلیدی شعبوں جیسے انسداد دہشت گردی ، سلامتی اور توانائی میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ یو اے ای کے وزیر کل رات دیر گئے یہاں پہونچے ۔ انھوں نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی اور بزنس راؤنڈ ٹیبل میں حصہ لیا۔ وزارت کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ مہمان وزیر نے جئے شنکر کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور مسائل پر غور و خوض کیا ۔ انھوں نے علاقائی صورتحال پر بھی اپنے نقاطہ نظر پیش کئے ۔ ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان روابط چند سال سے مائل بہ عروج ہیں۔