ہند۔ برطانیہ دفاعی تعلقات کو وسعت دینے پر بات چیت

   

مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو،وزرائے مملکت کی قیادت میں میٹنگ کا انعقاد

ممبئی، 10 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان اور برطانیہ نے جمعہ کے روز ممبئی میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ اور برطانیہ کے وزیر مملکت برائے دفاع (ہاؤس آف لارڈز کے وزیر) ورنن کوکر کے درمیان یوکے کیریئر اسٹرائیک گروپ (سی ایس جی) کے دورۂ ہندوستان کے دوران ہوئی۔ میٹنگ کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ دفاعی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کی۔ وزیر مملکت سنجے سیٹھ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پرنس آف ویلز کی قیادت میں یوکے کیریئر اسٹرائیک گروپ نے ہندوستان کے مغربی ساحل پر ہندوستانی بحریہ کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق ”کونکن-25” کے سمندری مرحلے کو کامیابی سے مکمل کیا ہے ۔ اس موقع پر سی ایس جی فی الوقت ممبئی اور گوا میں بندرگاہی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ سنجے سیٹھ نے کہا کہ اس نوعیت کی آپریشنل مشقیں دونوں بحری افواج کے درمیان عملی تعاون، باہمی اعتماد اور آپریشنل فلسفے کی تفہیم کو مزید گہرا کرتی ہیں۔ میٹنگ میں دونوں وزراء نے دفاعی شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان میں مقامی سازوسامان کی تیاری اور خود انحصاری کے فروغ کیلئے دیسی نظاموں کی تشکیل میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے ۔ دونوں ممالک نے دفاعی سپلائی چین میں تعاون بڑھانے ، نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر دفاعی صنعتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے ہند-بحرالکاہل اور بحرِ ہند کے خطوں میں آزاد اور محفوظ سمندری راستوں کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔میٹنگ کے اختتام پر دونوں فریقوں نے ایک مضبوط، کثیر جہتی اور باہمی طور پر فائدہ مند دفاعی شراکت داری کے قیام کے اپنے عزم کی تجدید کی۔ یہ تعاون ہندوستان۔ برطانیہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ” اور جولائی 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے برطانیہ کے تاریخی دورے کے دوران منظور شدہ ”انڈیا-یو کے ویژن 2035” کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔