دہلی۔ 4نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے ہندوستان کو دہلی ٹی 20 میچ میں 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کو پہلی مرتبہ ٹی 20 میں شکست دی ہے۔ اس سے قبل اسے 8 میچوں میں شکست ملی تھی لیکن 9 ویں کوشش میں اسے کامیابی مل ہی گئی۔بنگلہ دیش نے نہ صرف ہندوستان کے خلاف کامیابی کا کھاتہ کھولا بلکہ یہ بھی دکھا دیا کہ اس کی ٹیم شکیب الحسن اور تمیم اقبال کے بغیر کامیابی درج کرسکتی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے کرکٹ کے بجائے دہلی میں آلودگی پرزیادہ باتیں ہوئیں، لیکن جب کھلاڑی میدان پر اترے تو صرف کرکٹ کی بات ہوئی۔ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا میچ 6 جون 2009 کو انگلینڈ میں عالمی کپ ٹی 20 میں کھیلا گیا تھا۔ پرگیان اوجھا کی شاندار بولنگ (4/21) کی بدولت ہندوستان نے یہ میچ 25 رنز سے جیتا تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ سال بعد آمنے سامنے ہوئیں۔ 28 مارچ 2014 کو ڈھاکہ میں ہوئے میچ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔ 24 فروری 2016 کو ڈھاکہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے تیسرے میچ کو ہندوستان نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں 45 رنز سے جیتا۔ 6 مارچ کو ڈھاکہ میں چوتھے میچ میں ہندوستان نے بنگلہ ٹائیگرس کو 8 وکٹ سے شکست دی۔سال 2016 میں ہی ورلڈ ٹی 20 میں بنگلورو میں زبردست جدوجہد کے بعد ہندوستان کو ایک رن سے جیت ملی تھی۔ دو سال بعد 2018 میں ندہاس ٹرافی میں روہت شرما کی کپتانی میں بھی ہندوستان کا جیت کا سلسلہ جاری رہا۔ ہندوستان نے اس سیریز میں 6 وکٹ، 17 رن اور 4 وکٹ سے بنگلہ دیش کو شکست دی۔ اس طرح سے ہندوستان نے 8 میچوں میں بنگلہ دیش کو شکست دی لیکن پڑوسی ملک نے ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر شکست دے کر اپنی جیت کا کھاتہ کھولا۔ ہندوستان کو 8 فتوحات مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ملے جبکہ تین کامیابی روہت شرما کی قیادت میں ملی۔