گوہاٹی۔4جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا اور اس پہلے مقابلے میں ہندوستان کیلئے صف اول کے بولر جسپریت بمراہ کی واپسی ہورہی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے 2019ء سوائے ورلڈ کپ کے تقریباً شاندار اختتام کیا ہے، وہ کل یہاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نئے سال کا بہتر آغاز کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کی حالیہ فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے جسپریت بمراہ واپسی کے علاوہ اسی معیار کے مظاہروں کیلئے کوشاں ہوں گے جس کے لئے انہیں جانا جاتا ہے۔ 2019ء جو کہ زیادہ تر 50 اوور کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا سال تھا، کیوں کہ 2019ء میں انگلینڈ میں 50 اوورس کا ونڈے ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، جبکہ 2020ء اب ٹوئنٹی 20 کرکٹ پر توجہ دینے کا سال ہے کیونکہ سال کے اختتام پر آسٹریلیا میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ منعقد شدنی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کو 15 ٹی 20 مقابلے کھیلنے ہیں، جس کے بعد اکتوبر میں ورلڈ کپ کا پہلا مقابلہ ہندوستان، پرتھ میں جنوبی آفریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں آئی پی ایل بھی منعقد شدنی ہے جہاں ہندوستان کو نہ صرف اپنی ورلڈ کپ کی ٹیم تیار کرنے کا بہتر موقع ملے گا بلکہ ورلڈ کپ کھیلنے والے یقینی کھلاڑیوں کو اچھی مشق کا بھی موقع دستیاب ہوگا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کی تیاری پر اپنی توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف بمراہ کے ساتھ نودیپ سائنی اور شردول ٹھاکر بھی توجہ کے مرکز ہوں گے۔ محمد سمیع کو آرام دیا گیا ہے جبکہ دیپک چہر اور بھونیشور کمار مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں موجود نہیں ہیں۔ اسپن شعبہ میں کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کے مظاہرے بھی انتظامیہ کیلئے اہمیت کے حامل ہوں گے۔ نمبر ایک آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ہنوز مکمل فٹ نہیں ہوئے ہیں جس کی وجہ سے شیوم دوبے پر نظریں مرکوز ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی کی عدم موجودگی میں ریشپھ پنت کے مظاہرے اہمیت کے حامل ہوں گے۔ دوسری جانب سری لنکائی ٹیم جس نے پاکستانی دورہ پر ٹوئنٹی 20 کی عالمی نمبر ایک میزبان ٹیم کو 3-0 سے شکست دی ہے جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیںاور وہ کامیابی کیلئے کوشاں ہے۔
