ہند۔ ونڈیز ممبئی ٹی20 مقابلے پر سوالیہ نشان

   

ممبئی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز ٹیموں کے درمیان 6 دسمبرکوممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پہلا ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا لیکن اس میچ پربحران کے بادل منڈلانے لگے ہیں کیونکہ ممبئی پولیس میچ میں سیکورٹی دینے کی ضمانت نہیں دے پارہی ہے۔ دراصل 6 دسمبرکوبابری مسجد کے یوم شہادت کوتقریباً 27 سال ہونے والے ہیں۔ وہیں اسی دن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکے لاکھوں پیروکار ریلی نکالیں گے، جس کی وجہ سے ممبئی پولیس 6 دسمبرکوہائی الرٹ پرہوگی۔ پولیس ذرائع کے مطابق بابری مسجد اور مہاپرنروان دیوس کی وجہ سے پولیس اس دن شہرمیں قانون اورلاء اینڈ آرڈرکو بنائے رکھنے میں مصروف ہوگی اوروہ اس د ن ٹیموں کو سیکورٹی دینے کے موقف میں نہیں ہوسکتی۔ حالانکہ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے ذرائع نے کہا کہ سینئرعہدیدار ممبئی پولیس کے عہدیداروں سے ملیں گے اوراس کے بعد ہی اس معاملے پرحتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ وہیں ممبئی کرکٹ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں گزشتہ مرتبہ بین الاقوامی میچ دسمبر2017 میں سری لنکا کے خلاف منعقدکیا گیا تھا۔ویسٹ انڈیز اپنے دورے کا آغازوانکھیڑے میں پہلے ٹی 20 میچ سے کرے گی۔ اس کے بعد سیریزکا دوسرا میچ کیرلا کے تروننتپورم میں اورسیریزکا تیسرا اورآخری میچ حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔ وہیں اس کے بعد پہلا ونڈے میچ چینائی، دوسرا ونڈے وشاکھا پٹنم اورتیسرا میچ کٹک میں کھیلا جائے گا۔