ہند۔ ویسٹ انڈیز آج فیصلہ کن ونڈے ،ہمالیائی اسکور متوقع

   

روہت کی سال میں سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ پر نظریں ہوپ بھی دوڑ میں شامل

کٹک ۔ 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں ہندوستان کے لئے ہر حکمت عملی اور منصوبہ بہتر نتائج فراہم کررہا ہے اور کل یہاں کھیلے جانے والے فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم دونوں ممالک کے درمیان دسویں باہمی سیریز اپنے نام کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ ویسٹ انڈیز جس نے پہلے ونڈے میں میزبان ٹیم کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں سبقت حاصل کرلی تھی، لیکن وشاکھاپٹنم میں منعقدہ دوسرے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے کھیل کے تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ایک جامع کامیابی حاصل کی بلکہ سیریز کو 1-1 سے برابر کرلیا ہے۔ دلچسپ اعداد و شمار یہ بھی رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ہندوستان کے دورہ پر پہلے ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی پہلا میچ اپنے نام کرتے ہوئے مقابلوں کو دلچسپ بنا لیا تھا لیکن ٹوئنٹی سیریز اور ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ گنوانے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے سیریز میں واپسی کی ہے جیسا کہ اس نے ٹوئنٹی کے دوسرے اور تیسرے مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ سیریز اپنے نام کی تھی، اب اسی طرح ونڈے میں بھی اسے پہلا مقابلہ گنوانے کے باوجود سیریز میں 2-1 کی کامیابی کا موقع دستیاب ہے۔ وشاکھاپٹنم میں 107 رنز کی کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ گزشتہ مقابلے میں اوپنر روہت شرما نے 159 رنز اسکور کئے ہیں اور ایک سال میں سب سے زیادہ رنز کے 22 سالہ ریکارڈ کو توڑنے کیلئے انہیں اب صرف 9 رنز درکار ہیں جس کی بدولت وہ 22 سال قبل سنت جئے سوریہ کی جانب سے ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ کے ایل راہول جنہوں نے وشاکھاپٹنم میں سنچری بنانے کے علاوہ پہلی وکٹ کیلئے روہت شرما کے ساتھ 220 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے سے اننگز کا آغاز کرنے والے راہول بتدریج اپنے مظاہروں میں بہتری لا رہے ہیں اور ہر مقابلے میں وہ رنز اسکور کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں مڈل آرڈر میں سریاش ایّر اور ریشپھ پنت نے گزشتہ مقابلے میں بہتر مظاہرہ کیا ہے اور رواں سال کھیلے جارہے آخری ونڈے میں ان مظاہروں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہوں گے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کیلئے شمرون ہٹمائر، نکولاس پورن اور شائے ہوپ پھر ایک مرتبہ اہم کھلاڑی ہوں گے جبکہ پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر کیرن پولارڈ سے بھی ٹیم کو ایک بہتر اننگز کی اُمید ہے۔ کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم کی وکٹ وشاکھاپٹنم کی وکٹ کی طرح ہی ہوگی جس پر ہمالیائی اسکور متوقع ہے۔ رواں سال سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمنوں کی دوڑ میں روہت شرما کے بعد ویسٹ انڈیز کے ہوپ ہی دوسرے مقام پر موجود ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ اس دوڑ میں آگے نکلیں۔ بولنگ شعبہ میں شیلٹن کوٹریل جنہیں کنگس الیون پنجاب نے 8.5 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے، وہ اپنی اس قیمت کو صحیح ثابت کرتے ہوئے آخری مقابلے میں ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے کے خواہاں ہوں گے۔