ہند۔ پاک یکم مارچ کو چمپئنز ٹرافی کا مقابلہ

   

نئی دہلی ۔ آئی سی سی کا اگلا ٹورنمنٹ چمپئنز ٹرافی ہوگا جس کی میزبانی پاکستان 2025 میں کرے گا۔ تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنمنٹ کے لیے پاکستان جائے گی یا نہیں لیکن پاکستان اس ٹورنمنٹ کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہے۔ چمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان ایک میچ بھی کھیلا جانا ہے۔ یہ میچ کب اور کہاں کھیلا جائے گا اس حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہند۔ پاک میچ کی تاریخ یکم مارچ 2025 مقررکردی ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے ایک سینئر رکن نے یہ اپ ڈیٹ دی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان یہ میچ لاہور میں کھیلا جائے گا لیکن بی سی سی آئی نے ابھی تک عارضی شیڈول پر اپنی رضامندی نہیں دی ہے۔ ٹورنامنٹ 8 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز19 فروری کو ہوگا اور یہ 9 مارچ تک کھیلی جائے گی اور 10 مارچ کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کو گروپ اے میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آئی سی سی بورڈ کے ایک رکن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پی سی بی نے 15 میچوں کی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کا ڈرافٹ جمع کرایا ہے۔ سات میچ لاہور، تین کراچی اور پانچ راولپنڈی میں ہوں گے لیکن سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر ہندوستان کے تمام میچز لاہور میں ہی رکھے گئے ہیں جبکہ افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا، دو سیمی فائنلز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے، فائنل لاہور میں ہوگا لیکن قومی ٹیم کی شرکت کا حتمی فیصلہ ہندوستانی حکومت کرے گی۔ پاکستان کی میزبانی میں آخری ٹورنامنٹ 2023 میں ایشیا کپ تھا لیکن یہ ٹورنمنٹ ٹیم انڈیا کی وجہ سے ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا گیا۔ ٹیم انڈیا نے اپنے میچ سری لنکا میں کھیلے اور فائنل بھی یہیں کھیلا گیا۔ ایسی صورتحال میں ہندوستانی ٹیم چمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں اس کا فیصلہ صرف حکومت کرے گی۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کسی بھی بورڈ کو اپنی حکومتی پالیسی کے خلاف جانے پر مجبور نہیں کر سکتا۔