ہند۔ چین تنازعہ : مودی کی خاموشی پرراہول گاندھی برہم

,

   

وزیراعظم بتائیں چین نے ہمارے فوجیوں کو مارنے ہماری زمین پر قبضہ کرنے کی کیسے ہمت کی: پرینکاگاندھی

نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ہندوستان کے فوجی اہلکاروں کے شہید ہونے پر پی ایم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے پی ایم مودی سے کئی سوال کیے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ ہندوستانی فوجیوں کی شہادت پر خاموش کیوں ہیں اور کچھ بولنے سے پرہیز کیوں کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے یہ بھی کہا ہے کہ آخر چین کی ہمت کیسے بڑھی کہ انھوں نے ہندوستانی زمین پر قبضہ کیا۔راہول گاندھی نے یہ سوالات ایک ٹوئٹ کے ذریعہ پی ایم نریندر مودی کے سامنے رکھے ہیں۔ انھوں نے چہارشنبہ کی صبح کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں سخت لہجے میں لکھا ہے کہ’’اب بہت ہو چکا ہے اور وزیر اعظم کو لب کشائی کر کے بتانا پڑے گا کہ چین کی ہمت ہماری سرزمین پر قبضہ کرنے اور ہمارے فوجی اہلکاروں کو مارنے کی کیسے ہوئی‘‘۔اپنے ٹوئٹ میں راہول گاندھی نے واضح لفظوں میں سوال کیا ہے کہ “وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں؟ وہ کیوں چھپ رہے ہیں، بہت ہوچکا ہے۔ ہمیں بتائیں کہ سرحد پر کیا ہوا؟ چین کی ہمت ہمارے فوجی اہلکاروں کو مارنے کی کیسے ہوئی۔ اس نے ہماری زمین پر قبضہ کرنے کی ہمت کیسے کی۔دریں اثناء، پرینکا گاندھی واڈرا ے کہا کہ ’’ہمارے مادر وطن، ہماری خودمختاری خطرے میں ہے ۔ ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں۔ کیا ہم خاموشی سے بیٹھے رہیں گے ؟ ہندوستان کے عوام سچ جاننے کے حقدار ہیں ، انہیں ایسی قیادت درکار ہے جو ہماری زمین ہڑپے جانے سے پہلے اپنی جان دینے کیلئے تیار ہو۔ سامنے آئیے ، نریندر مودی جی، چین کا سامنا کرنے کا وقت آگیا ہے‘‘۔دوسری طرف، کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ مودی اور ان کی حکومت نے چینی فوج کے اس برے حوصلے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ ملک کو یہ توقع نہیں تھی کہ دہلی کے حکمرانوں کی 40 دن کی خاموشی کا انجام اس قدر دل دہلانے والا ہوگا۔ مودی حکومت کی خامیوں اور ناکامیوں کی وجہ سے ملک کو فوجیوں کی شہادت کا یہ افسوسناک اور دردناک دن دیکھنا پڑا ہے ۔