ہند۔ چین کشیدگی کم کی جائے گی

   

نئی دہلی ۔ 19 اگست (ایجنسیز) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے منگل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اسے نیوکلیر ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی کے کم ہونے کی ایک اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی، جو پیر کو ہندوستان پہنچے، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں بشمول قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے منگل کو ملاقات کی۔ توقع ہے کہ وہ سرحد پر تعینات فوجیوں کی تعداد میں کمی اور کچھ تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پیر کو انہوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ بات چیت کی اور کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کو مخالف یا خطرے کے طور دیکھنے کی بجائے شراکت دار اور مواقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ ان ملاقاتوں کو نیوکلیر ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی کے کم ہونے کی ایک علامت بتایا جا رہا ہے۔ تعلقات کی بحالی کی یہ کوشش ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر بھاری ٹیرفس عائد کر دیے ہیں۔ ہندوستان، جو ایشیا میں چین کے اثر و رسوخ کا توڑ سمجھا جاتا ہے، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے ساتھ ’’کواڈ‘‘ سیکوریٹی اتحاد کا حصہ ہے۔