ہند۔ یونان تعلقات کو اسٹریٹیجک سطح پر لیجانے کا عزم

,

   

وزیر اعظم مودی کی یونان کے ہم منصب سے بات چیت‘مختلف شعبوں میں تعاون سے اتفاق

اتھینس: وزیر اعظم مودی نے یونانی ہم منصب Kyriakos Mitsotakis کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کی۔دونو قائدین نے ہندوستان اور یونان کے درمیان باہمی تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدلنے کا عزم ظاہر کیا۔انسداد دہشت گردی اور دفاع کے شعبہ میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سائبر سیکوریٹی میں اضافہ اور 2030تک دوطرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کا بھی نشانہ طے کیا گیا ۔ جیسے ہی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے سرکاری دورہ پر یونان پہنچے، یونان کے وزیر خارجہ جارج جیراپیٹرائٹس نے ان کا استقبال کیا۔ ہندوستان میں یونان کے سفیر Dimitrios Ioannou نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے یونان کے دورے کے دوران دونوں ممالک اپنی طویل دوستی کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔ ہم (ہندوستان اور یونان) سیکورٹی، ثقافت، تجارت، معیشت اور ٹیکنالوجی سمیت تمام اہم شعبوں میں اپنے تعاون کو آگے بڑھا رہے ہیں اور مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا گیا۔ یہ ایک اہم جامع شراکت داری ہے۔ یونان کے وزیر نے کہا کہ وہ ہندوستان کیلئے یورپ کا گیٹ وے بننا چاہیں گے۔ یونان کی بندرگاہیں ہندوستانی مصنوعات کے لیے یورپی منڈیوں میں داخل ہونے کا گیٹ وے ثابت ہو سکتی ہیں۔ وزیر اعظم مودی یونان سے اپنے دو ملکوں کے دورے کے اختتام کے بعد ملک واپسی پر جمعہ کو چندریان 3 مشن میں شامل ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (ISRO) کی ٹیم کے سائنسدانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ خلا میں 40 دن کے سفر کے بعد، چندریان۔3 لینڈر، ‘وکرم’ چہارشنبہ کی شام کو قمری جنوبی قطب پر اترا، جس سے ہندوستان ایسا کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔وزیراعظم نریندر مودی جوہانسبرگ سے ایک روزہ یونان کے دورہ پر پہنچے ہیں ۔