ماسکو ۔ روس نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کا تنازعہ حل ہونا چاہیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی بریفنگ کے دوران وہاں موجود ایک ہندوستانی صحافی نے اعتراض کیا کہ روس پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو دورے پر تو بلا رہا ہے لیکن ہندوستانی تحفظات کو نظرانداز کر رہا ہے۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ نے فوری طور پر ہندوستانی صحافی کو دوٹوک جواب دے ڈالا۔ ماریہ زخارووا نے کہا پاکستان سے روس کے بڑھتے تعلقات کسی اور ملک کے خلاف نہیں، دونوں ملکوں کے قریب آنے کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔ماریہ زخارووا نے پلانٹڈ سوال کے جواب میں ہندوستانی حکومت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کا پیغام بھی دے دیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ ڈالا کہ روس پاکستانی قیادت کے امن سے متعلق بیانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔