جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ہے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کئی مرتبہ ہندوستان کو نیوکلیائی حملہ کی دھمکی تک دے ڈالی ہے ۔ پاکستان کی گیدڑ بھبھکیوں کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے بھی واضح کردیا ہے کہ اگر پاکستان کسی بھی طرح کی غلط حرکت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کو بخشا نہیں جائے گا ۔ دونوں کے درمیان گزشتہ کچھ وقت سے جاری کشیدگی کے درمیان امریکہ کی ایک رپورٹ نے کافی ڈرانے والے اعداد و شمار پیش کئے ہیں ۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ ہوئی تو 10 کروڑ سے زیادہ لوگ مارے جائیں گے ۔
سائنس ایڈوانس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اگر جوہری جنگ کی نوبت آتی ہے تو دونوں ہی ممالک کو کافی نقصان ہوگا ۔ رٹگرس یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن روباک اور دیگر سائنسدانوں کے مطابق جنگ کے دوران جو نقصان ہوگا ، اس کے بارے میں سبھی جانتے ہیں ، لیکن جنگ کے بعد بھی لاکھوں لوگ مارے جاتے رہیں گے۔
سائنسدانوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جوہری جنگ کی صورت میں زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی کافی کم ہوجائے گی ، جس کی وجہ سے بارش میں بھی کمی ہوگی ۔ ان سب کا اثر براہ راست زمین پر پڑے گا ، کھیتی تباہ ہوجائے گی اور پیداوار میں بھیانک گراوٹ آئے گی۔
ریسرچ کرنے والوں کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے پاس 400-500 نیوکلیائی ہتھیار موجود ہیں ۔ جنگ کی صورت میں اگر ان ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تو اس کا اثر عالمی ماحولیات کیلئے بھی تباہ کن ہوگا ۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا پر جوہری جنگ کا اثر تین طریقہ سے پڑے ہوگا ۔
پہلا : جوہری جنگ کی صورت میں دھماکوں سے نکلنے والا دھواں 16 سے 36 ملین ٹن سیاہ کاربن چھوڑ سکتا ہے ۔ اس کاربن کی شدت اتنی زیادہ ہوگی کہ کچھ ہی ہفتوں میں دنیا بھر میں اس کا اثر دیکھنے کو ملے گا ۔ ایسی صورت میں جن ممالک کا اس جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، وہاں بھی لوگوں کو سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔
دوسرا : جوہری دھماکہ کے بعد فضا میں کاربن بھاری مقدار میں سولر ریڈیئیشن کو اکٹھا کرلے گا ، جس کی وجہ سے ہوا زیادہ گرم ہوجائے گی اور دھواں آگے نہیں نکل پائے گا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ زمین تک پہنچنے والی دھوپ میں 20 سے 35 فیصد کی گراوٹ آئے گی اور اس کی وجہ سے بارش بھی کم ہوجائے گی ۔
تیسرا : فضا میں کاربن کی مقدار بڑھ جانے کی وجہ سے سورج کی روشنی زمین تک نہیں پہنچے گی اور بارش بھی بہت کم ہوگی ۔ ایسے میں گرمی کی تپش سے زمین سوکھ جائے گی اور کھیتی پوری طرح سے برباد ہوجائے گی ۔
اس رپورٹ میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ ہوتی ہے ، تو جس طرح کے نتائج ہوں گے ، اس سے باہر نکلنے میں دنیا کو 10 سال سے بھی زیادہ کو عرصہ لگے گا۔