ہند ۔آسٹریلیا کرکٹ سیریز کا 14 جنوری سے آغاز

   

منگل کو ممبئی میں پہلا ونڈے ،ڈیوڈ وارنر کا ہندوستانی شائقین کیلئے پیام

نئی دہلی، 9جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے ا سٹار اوپنر ڈیوڈ وارنر 14 جنوری سے شروع ہونے والے ہندوستان کے آئندہ دورے کے لئے کافی پرجوش ہیں اور انہوں نے اپنے ہندوستانی شائقین کے لئے بھی سوشل ویب سائٹ پر پیغام دیا ہے ۔زبردست فارم میں چل رہے وارنر 14 جنوری سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کے ٹاپ اسکورر کے طور پر اتریں گے ۔ ٹیم کے ا سٹار بلے باز نے طیارے میں بیٹھنے کے بعد اپنی ایک تصویر سوشل ویب سائٹ پر شئیر کی جس میں لکھا ہے کہ ہندوستان ہم آ رہے ہیں، یہ تین میچوں کی بہترین سریز ہوگی۔ میں ہندوستانی شائقین کو دیکھنے کے لئے حوصلہ افزا ہوں۔آسٹریلوی ٹیم نے گزشتہ سال ہندوستان سے ون ڈے میچوں کی سیریز کو 3-2 سے جیتا تھا۔ اس نے آئی سی سی ورلڈ کپ سے ٹھیک پہلے ہندوستان کے خلاف یہ جیت درج کی تھی۔ وارنر اپنی ٹیم کے اہم اسکوررز میں شامل ہیں اور ہندوستان کے خلاف ان کا اچھا ریکارڈ رہا ہے ۔ انہوں نے پانچ اننگز میں ہندوستان کے خلاف 49 کے اوسط سے 245 رن بنائے تھے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے ۔وہیں وراٹ کوہلی کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے ساتھ تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی -20 ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کو اپنی زمین پر مشکل چیلنج دینے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ سریز اہم مانی جا رہی ہے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ کی آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نگاہ رہے گی جس کے میدان پر عالمی کپ کھیلا جائے گا۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے ممبئی میں 14 جنوری کو، دوسرا ون ڈے راجکوٹ میں 17 جنوری اور تیسرا اور آخری ون ڈے بنگلور میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔