ہند ۔نیوزی لینڈ آج آخری ٹی 20، سنجوتوجہ کا مرکز

   

تھرواننت پورم، 30 جنوری (آئی اے این ایس) ہندوستانی ٹیم کی نظریں ہفتہ کو یہاں گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریزکے آخری مقابلے میں کامیابی کے ساتھ اختتام پر ہوں گی، جبکہ ایک بار پھر تمام تر توجہ مقامی ہیرو سنجو سیمسن پر مرکوز رہے گی۔31 سالہ سنجو سیمسن جاری سیریز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ شبمن گل کو ٹیم سے باہرکیے جانے کے بعد اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالنے والے سیمسن اب تک نیوزی لینڈکے خلاف چار اننگز میں صرف 40 رنز ہی بنا سکے ہیں۔دریں اثناء ابتدائی تین میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے بعد ہندوستان نے چہارشنبہ کو وشاکھا پٹنم (ویزگ) میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 مقابلے میں تجرباتی حکمتِ عملی اپنائی۔ اس میچ میں ایشان کشن کی جگہ ایک اضافی بولرکو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 215 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا، جس میں ٹِم سیفرٹ اور ڈیون کانوے کی شاندار اننگز شامل تھیں۔ ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کو آغاز ہی سے مشکلات کا سامنا رہا اور مہمان ٹیم نے ابتدائی وکٹیں حاصل کر تے ہوئے مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ اگرچہ شیوم دوبے نے 65 رنز کی جرات مندانہ اننگز کھیلی، تاہم ہندوستان کو 50 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اب جبکہ مین اِن بلیوکی کوشش سیریزکو 4۔1 کے اسکور کے ساتھ ختم کرنے کی ہے، ٹیم مینجمنٹ پلیئنگ الیون میں چند تبدیلیاں کر سکتی ہے۔ ایشان کشن جو گزشتہ میچ میں شامل نہیں تھے، واپسی کر سکتے ہیں، جبکہ ورون چکرورتی کو بھی گزشتہ دو میچوں میں آرام دیے جانے کے بعد ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں ہندوستان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے، جہاں کھیلے گئے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے تین میں اس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس میدان پر پہلی اننگزکا اوسط اسکور 155 رنز ہے، جبکہ سب سے بڑا اسکور2023 میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستاننے 20 اوورز میں 235 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔ ماضی کے ریکارڈ، موجودہ فارم اور اعتماد کے بل بوتے پر ہندوستان ایک اور غالب کارکردگی پیش کرنے کا خواہاں ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 (آغاز: 7 فروری) سے قبل دورے کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے کی کوشش کرے گی۔میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا ۔