نئی دہلی۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ رواں سال کے آخر میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹسٹ سیریز میں تماشائی موجود ہوں گے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں کرکٹ سرگرمی تعطل کا شکار ہے اور ایسی صورتحال میں کرکٹ دوبارہ شروع ہونے پر ناظرین کے بغیر کھیل کا اہتمام کرنے کے لئے بات چیت جاری ہے ۔ دریں اثنا انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین میچوں کی ٹسٹ سیریز 8 جولائی سے کھیلی جارہی ہے جس کا انعقاد ناظرین کے بغیر کیا جائے گا۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین سال کے آخر میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے ۔ لی نے 100 ایم بی ایپ کے ذریعہ ہندوستان کے سابق لیجنڈ بیٹسمین سچن تندولکر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جس میں دونوں نے ہندوستان آسٹریلیا ٹسٹ سیریز کے بارے میں بات کی۔
