شکھر دھون اور روہت شرما کی بدولت ہندوستان 9 وکٹس پر 358 رنز
موہالی۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ آسٹریلیا کے چوتھے ونڈے انٹرنیشنل میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور ٹیم کے ابتدائی کھلاڑیوں نے 193 رنز کی بدولت مضبوط شروعات کی۔ ان عظیم الشان اسکور میں شکھر دھون نے اپنی سولہویں او ڈی آئی سنچری مکمل کی اور نائب کپتان روہت شرما نے 92 بالز کی مدد سے 95 رنز بنائے۔ آسٹریلیا گیند باز پیاٹ کیومین نے 10 اوورس میں 70 رنز دے کر 5 وکٹس حاصل کئے اور جائی رچرڈسن نے 9 اوورس میں 85 رنز دے کر 3 وکٹس حاصل کئے۔ دھون جنہوں نے آخری مرتبہ ستمبر 2018ء میں پاکستان کے خلاف تین کا ہندسہ بنایا تھا، آج پھر بھرپور فارم میں نظر آئے، ان کے 143 رنز میں 18 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی بدولت، روہت شرما سے دباؤ کافی حد تک کم ہوگیا۔ دھون کو پیاٹ کومن نے بالآخر بولڈ کیا۔ ویراٹ کوہلی صرف 7 رنز بناکر الیکس کاری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تیسرے کھلاڑی جنہوں نے دھون اور شرما کے بعد سب سے زیادہ رنز بنالئے ، وہ ریشپ پنت تھے جو 36 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ اس میچ میں گلین میکس ویل سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے جنہوں نے 8 اوورس میں بناء کوئی وکٹ لئے صرف 61 رنز دے ڈالے۔