عمان 16دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ دورئہ اردن پر ہیں۔ پیر کے روز انہوں نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ملاقات کی۔اس میٹنگ کے دوران ہندوستان اور اردن کے درمیان کئی اہم معاہدے طے پائے ۔ اس کی اطلاع ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے دی ہے ۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق، ہندوستان اور اردن کے درمیان قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تکنیکی تعاون، پیٹرا اور ایلورا کے درمیان دو معاہدہ اور آبی وسائل کے انتظام اور ترقی میں تعاون سے متعلق مفاہمت ناموں (ایم او یوز) پر دستخط کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان سال 2025 سے 2029 کے لیے ثقافتی تبادلہ پروگرام سے متعلق معاہدہ بھی ہوا ہے ۔وزارتِ خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور اردن کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے کامیاب ڈیجیٹل سولیوشن ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے اور تعاون پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
