حیدرآباد ہاؤز میں صدر امریکہ ٹرمپ اور وزیراعظم مودی ملاقات میں دہشت گردی، خلیجی خطہ میں صورتحال پر تبادلہ خیال
نئی دہلی 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج باہمی تعلقات کے تمام اُمور کا احاطہ کرتے ہوئے وسیع تر بات چیت کی۔ دفاع، سکیورٹی اور تجارت کے علاوہ سرمایہ کاری کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ حیدرآباد ہاؤز میں منعقدہ اپنی بات چیت میں دونوں قائدین نے سمجھا جاتا ہے کہ طالبان کے ساتھ امریکی امن منصوبہ، ہند ۔ پسیفک میں صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور خلیجی خطہ میں پائی جانے والی صورتحال کے بشمول علاقائی مسائل پر بات چیت کی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت سے قبل اپنے مختصر بیان میں وزیراعظم مودی نے صدر امریکہ کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان کا دورہ کرنے کے لئے اپنے قیمتی وقت میں سے تھوڑا وقت نکالنے پر اظہار تشکر کیا۔ اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہندوستان میں گزشتہ دو دن ان کے لئے نہایت ہی خاص نوعیت کے تھے۔ اس دورہ سے وہ سب سے زیادہ محظوظ اور لطف اندوز ہوئے ہیں خاص کر احمدآباد میں موٹیرا اسٹیڈیم میں ان کے استقبال پر بہت خوش تھے۔ یہ میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اسٹیڈیم میں یہ میرے لئے حیرت کی بات تھی کہ عوام نے مجھ سے زیادہ آپ (مودی) کا نام لیا۔ ایک لاکھ 25 ہزار کے ہجوم کی زبان پر آپ (مودی) کا ہی نام تھا۔ عوام میں جوش و خروش تھا، عوام آپ سے محبت کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے اعلان کیاکہ دونوں ملکوں نے 3 بلین امریکی ڈالر کے دفاعی معاہدوں کو قطعیت دی ہے اور ایک شاندار معاہدہ ہوا ہے۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کا راشٹراپتی بھون پر صدرجمہوریہ رامناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے استقبال کیا۔