واشنگٹن ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پنٹگان نے آج ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی شراکت داری یوں تو مستحکم ہے لیکن اس کے مزید مستحکم ہونے کے امکانات ہیں جبکہ امریکہ نے ان ممالک کو انتباہ بھی دیا ہے جو ایسے ممالک سے ملٹری سازوسامان خریدتے ہیں جو امریکہ کے عصری لڑاکا طیاروں کو چیلنج کرتے ہیں۔ یاد رہیکہ پنٹگان کے اس بیان سے صرف ایک روز قبل ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا تھا کہ F-35 لڑاکا طیارے ترکی کو فروخت نہیں کئے جائیں گے کیونکہ اس نے (ترکی) روس سے (جسے خود تحدیدات کا سامنا ہے)، S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم خریدے ہیں۔ امریکہ کے ڈپٹی انڈر سکریٹری برائے دفاع ڈیوڈ ٹراچیٹنبرگ نے ایک نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعلقات یوں تو مستحکم ہیں تاہم اسے مزید مضبوط بنانا ہمارا نصب العین ہے۔ یاد رہیکہ ہندوستان بھی روس سے S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا فیصلہ کرچکا ہے اور اسی تناظر میں ہند ۔ امریکی تعلقات سے متعلق ٹراچیٹنبرگ سے صحافیوں نے سوال کیا تھا جس کا انہوں نے مندرجہ بالا جواب دیا۔
