ہند ۔ امریکہ دفاعی و سلامتی روابط پہلے سے زیادہ مضبوط سفیر ٹی ایس سندھو کا خطاب

   

واشنگٹن : ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی تجارت جو مختصر مدت میں قابل لحاظ حد تک بڑھ چکی ہے، اب 21 بلین ڈالر کی قدر رکھتی ہے۔ ہندوستان کے قاصد نے یہ بات بتائی اور ادعا کیا کہ دونوں ملکوں کے باہمی فوجی اور سلامتی روابط پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔ ہندوستان کے سفیر برائے امریکہ ترنجیت سنگھ سندھو نے کہا کہ ہندوستان کو بڑا دفاعی پارٹنر قرار دیا گیا ہے اور امریکہ نے اسے جنگی نقطہ نظر سے اہمیت کی حامل تجارت میں اول درجہ عطا کیا ہے۔ واشنگٹن کے ساتھ چار بنیادی معاہدوں پر دستخط بھی ہوئی ہے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان ملٹری سے ملٹری تعاون بڑھے گا۔ سندھو نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ دونوں ملکوں کے ڈیفنس اور سیکوریٹی تعلقات کو مسلسل تقویت حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی صنعتیں اور دیگر متعلقہ ادارے باہم مل کر کام کررہے ہیں اور دونوں ملکوں کی صنعتوں کے مابین جوائنٹ وینچرس تشکیل پائے ہیں۔