رکن کونسل نیپر ولے امریکی اشفاق سید کی وائس چانسلرعثمانیہ یونیورسٹی سے ملاقات
حیدرآباد 16 جنوری ( سیاست نیوز ) امریکہ کے شہر الینوئیس نیپر ولے کے کونسل رکن جناب اشفاق سید نے آج وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کمار مولوگارم سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور مختلف تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس کے علاوہ اعلی تعلیم کے شعبہ میں عالمی سطح پر پائے جانے والے منظرنامہ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ تعلیمی حکمرانی ‘ ادارہ جاتی مہارت ‘ فیکلٹی ڈیولپمنٹ اور ریسرچ پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر اس ملاقات کے موقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جناب اشفاق سید اور پروفیسر کمار مولوگارم نے کئی موضوعات پر بات چیت کی اور طلباء کو عالمی مسابقت سے ہم آہنگ کرنے ‘ اختراعی اور تجارتی صلاحیتوں کو فروخت دینے اور ابھرتے ہوئے صنعتی اور ٹکنالوجی ضروریات کے مطابق تعلیمی نصاب کو ہم آہنگ کرنے جیسے امور پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر ہندوستان کی جامعات اور امریکہ کے تعلیمی اداروں کے مابین اشتراک بشمول طلباء و فیکلٹی کے تبادلوں کے رپوگرامس ‘ مشترکہ ریسرچ پہل اور نالج کے تبادلے کے پلیٹ فارم فراہم کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔ ٹکنالوجی کے استعمال ‘ ڈیجیٹل لرننگ اور بین الاقوامی شراکت پر زور دیا گیا تاکہ معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنایا جاسکے ۔