کورونا وائرس کے باعث انسانوں کے درمیان ایک دوسرے کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا ہوا ، لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن کا بیان
حیدرآباد : ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات دیرینہ ہیں ۔ ایسے میں حیدرآباد کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے حیدرآباد میں تیار ہونے والی ویکسین بھی اہمیت کی حامل ہے ۔ برطانیہ کے وزیر برائے جنوبی ایشیاء و کامن ویلتھ لارڈ طارق احمد ومبلڈن نے مزید کہا کہ ہند ۔ برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں حیدرآباد نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ لارڈ احمد نے کہا کہ کورونا وائرس نے انسانیت کے اندر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا جذبہ پیدا کیا ۔ فرد سے فرد کے درمیان ایک دوسرے کی مدد کا حوصلہ حاصل ہوا ۔ ویکسین کے معاملہ میں حیدرآباد کے رول کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے ۔ خاص کر ویکسین کی سربراہی کی کڑی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں سیاحت کے امکانات کو وسیع کرنا ہے ۔ مستقبل میں ہند ۔ برطانیہ کے درمیان باہمی تعاون کی بنیاد حیدرآباد بن سکتا ہے ۔ صحت ، زرعی ٹکنالوجی اور تعلیمی شعبہ میں برطانیہ اور حیدرآباد کے درمیان تعاون کے امکان وسیع دکھائی دیتے ہیں ۔ حیدرآباد میں بعض میڈیا نمائندوں سے تبادلہ خیال کے دوران برطانوی وزیر نے کہا کہ ہند اور برطانیہ کے قدیم اور مضبوط تعلقات رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ہندوستان سے وابستہ طلباء برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے اولین ترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2011 ء سے ہندوستانی طلباء کا برطانوی یونیورسٹیز میں داخلوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کہا کہ 45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ لارڈ احمد نے کہا کہ حالانکہ کورونا وائرس وباء سے تعلیمی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہندوستانی طلباء لندن اور برطانیہ کے دیگر شہروں کی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ برطانوی وزیر نے بتایا کہ ان کا تعلق بھی ہندوستان سے ہے اور ان کے آباء و اجداد پنجاب کے گرداس پور سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت دنیا میں نمایاں ہے اور یہاں کی زبانیں اور کھانے بے مثال ہیں ۔ لارڈ احمد نے کہا کہ طلباء کے علاوہ برطانیہ میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد مقیم ہیں اور کئی اہم عہدے اور شعبوں میں فائز ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس وباء کے بعد ہند ۔ برطانیہ کے تعلقات میں مزید مستحکم ہوئے ہیں کیونکہ ہندوستان کے فارماسیٹیکل شعبہ کا اہم تعاون رہا ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی حکومت کی فلاح و بہبود کی اسکیمات کی ستائش کی اور ریاست تلنگانہ میں برطانیہ کے تجارتی ، سیاحتی اور کئی شعبوں میں بہتر مستقبل دکھائی دیتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کے منتخب ہونے کے بعد پہلے بین الاقوامی دورہ کیلئے ہندوستان کو منتخب کیا ہے اور اس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط باہمی تعلقات ہیں ۔