ہند ۔ بنگلہ دیش 7 معاہدے، سرحد پار قدیم ریل رابطہ بحال

,

   

کورونا وائرس وباء کے باوجود باہمی تعاون برقرار رہے گا: مودی۔ انڈیا ہمارا حقیقی دوست : شیخ حسینہ

نئی دہلی ؍ ڈھاکہ : ہندوستان اور بنگلہ دیش نے اپنے تیزی سے بڑھتے روابط کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعرات کو 7 معاہدوں پر دستخط کئے جن کے ذریعہ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی اور سرحد پار ریل رابطہ بحال کیا جائے گا جو 1965 ء تک چالو تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ کے درمیان ورچول سمٹ کے موقع پر چلاہاتی ۔ ہلدی باری ریل رابطے کی بحالی اور معاہدوں پر دستخط کا کام ہوا۔ اِس سے ہائیڈرو کاربنس، زراعت اور پارچہ جات و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مودی اور حسینہ نے مل کر بنگلہ دیش کے بانی مجیب الرحمن اور گاندھی جی پر مبنی ڈیجیٹل ایکزیبیشن کا افتتاح کیا جو دونوں مثالی قائدین کی زندگی اور اُن کی سیاسی وراثت پر خوشی منانے کی کوشش ہے۔ چلاہاتی ۔ ہلدی باری ریل رابطہ کے افتتاح سے بنگلہ دیش سے آسام اور مغربی بنگال کو جوڑنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ یہ 1965 ء تک کولکاتا سے سلیگوڑی تک براڈ گیج روٹ کا حصہ تھا۔ مودی نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں کہاکہ بنگلہ دیش، ہندوستان کی پڑوس کو ترجیح والی پالیسی کا کلیدی ستون ہے اور اُن کے لئے اہم ترجیح رہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکے۔ اِسی طرح وزیراعظم شیخ حسینہ نے کہاکہ ہندوستان، بنگلہ دیش کا حقیقی دوست ہے اور اُنھوں نے 1971 ء کی جنگ آزادی کے دوران ہندوستان اور انڈین آرمی کے رول پر اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں وزیراعظم مودی سے پھر ایک بار ملاقات کرتے ہوئے خوشی ہے بالخصوص اِس ماہ جبکہ جنگ آزادی کی خوشی منائی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ڈسمبر تمام بنگلہ دیشیوں کے لئے خوشی، آزادی اور جشن کا ماحول لے آتا ہے جب ہم بابائے قوم بنگا بندھو شیخ مجیب الرحمن کو یاد کرتے ہیں جن کی حرکیاتی قیادت میں ہم نے آزادی حاصل کی۔ مودی نے کہاکہ بنگلہ دیش کی تاریخی فتح کے موقع پر ہمیں ’بیجوئے دیبوش‘ کی خوشی مناتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے اور ہمیں اعتماد ہے کہ کورونا وائرس وباء کے باوجود ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون یوں ہی چلتا رہے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان روابط گزشتہ چند برسوں میں کافی بہتر ہوئے ہیں۔ فریقوں نے تجارتی اور معاشی مشغولیت کے علاوہ رابطے اور انفراسٹرکچر کے کئی پراجکٹوں پر عمل آوری کی ہے۔