لکھنؤ : ونڈے سیریز میں مایوس کن مظاہروں کے بعد ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کل یہاں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ونڈے میں 9 وکٹوں کی کامیابی کے علاوہ متھالی راج کی زیرقیادت ہندوستانی ونڈے ٹیم کو چار مقابلوں میں شکست ہوئی تھی اور سیریز 4-1 سے گنوانی پڑی تھی لیکن کل شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت ہرمن پریت کور سنبھالیں گی۔ ہندوستانی ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں 17 سالہ شفالی ورما کی خدمات ونڈے سیریز میں دستیاب نہیں تھیں حالانکہ انہوں نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ کیا تھا اور اب ان کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی سے حالات تبدیل ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو یہ بھی امید ہیکہ قیادت میں تبدیلی کا بھی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔