صدر چین کا دورۂ ہند ، ماملاپورم چینائی میں دونوں قائدین کے درمیان چوٹی مذاکرات
ماملاپورم (چینائی) 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر چین ژی جن پنگ نے آج چینائی کے ماملاپورم میں ملاقات کی۔ نارائل پانی کے گھونٹ لیتے ہوئے دونوں قائدین نے معمول کے مطابق ایک دوسرے سے بات چیت کی۔ کشمیر پر باہمی کشیدہ تعلقات کے درمیان اِس ملاقات کو مثبت فضاء میں دیکھا جارہا ہے۔ نریندر مودی ٹاملناڈو کی روایتی دھوتی اور سفید شرٹ میں ملبوس تھے۔ ان کے کاندھے پر شال بھی تھی۔ اُنھوں نے مہمان صدر چین کو ساتھ لے کر دنیا کے مشہور تاریخی مقام ارجنا کے محل کا دورہ کیا۔ کرشنا کے بٹر بال اور پنچ رتھ کے علاوہ اِس تاریخی مندر ٹاؤن میں دیگر مقامات کا بھی دورہ کیا۔ دونوں قائدین کے درمیان یہ دوسری غیر رسمی چوٹی ملاقات ہے۔ یونیسکو کے عالمی ہیرٹیج مقام پر دونوں قائدین کی اِس غیررسمی چوٹی ملاقات سے ہند ۔ چین تعلقات کو ایک نئی بلندی حاصل ہوئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹ کیاکہ صدر چین ژی جن پنگ کا دورۂ ہند ایک ایسے وقت ہوا جبکہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں دو دن قبل ہی اُن سے بات چیت کی تھی۔ عمران خان سے بات چیت کے بعد صدر چین نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ چین کشمیر میں رونما ہونے والی صورتحال پر گہری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اِس مسئلہ کو مناسب اور پرامن طریقہ سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہئے۔ صدر چین کے اِس ریمارک پر نئی دہلی نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔ اِس ریمارک کے دو دن بعد ہی صدر چین کا طیارہ جیسے ہی چینائی کی سرزمین پر اُترا تو دونوں قائدین نے گرمجوشانہ ملاقات کی۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ توقع ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان کل ہفتے کے دن اہم ملاقات ہوگی۔ دونوں جانب کے عہدیداروں نے کہاکہ مودی ۔
ژی پنگ ملاقات کے دوران اصل توجہ دونوں ممالک کے درمیان شدید اختلافات کے باوجود ترقی کی نئی راہیں کھولنے پر مرکوز رہیں گی۔ سرکاری ٹیلی ویژن چیانل دوردرشن پر بتائے گئے تصاویر سے ظاہر ہورہا تھا کہ صدر چین نے اِس دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں قائدین نے اِس علاقہ کے تاریخی یادگار مقامات کا دورہ کیا اور ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہوئے اِن تاریخی یادگار مقامات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر چین سفید شرٹ اور سیاہ پینٹ ملبوس کئے ہوئے تھے۔ اُنھوں نے یہاں کے مشہور غاروں اور پتھر سے بنی ہوئی مورتیوں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اِن دونوں قائدین کے مترجمین نے ایک دوسرے کے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اِن تاریخی یادگار مقامات کے دورہ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے چین کے مہمان صدر کے اعزاز میں پرائیوٹ ڈنر بھی دیا۔ اِس مندر کے کامپلکس میں ڈنر کے لئے بڑے پیمانہ پر خوبصورتی کے ساتھ سجاوٹ کی گئی تھی۔
