نئی دہلی۔18 جون (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان اور چین کے درمیان میجر جنرل سطح کا آج تیسرے دن بھی اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کی شدت کو کم کرنے اور مشرقی لداخ میں گلوان وادی میں حالات کو بحال کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گلوان وادی میں پیر کو ہندوستان اور چینی افواج کے درمیان جھڑپ کے نتیجہ میں ایک کرنل اور 19 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ تقریباً 18 شدید طور پر زخمی ہیں۔ میجر جنرل سطح کی بات چیت آج بھی غیرمختتم رہی ۔ آج کی بات چیت میں متنازعہ علاقہ سے فوجیوں کے ہٹانے سے متعلق عمل آوری کے طریقہ کار پر غور کیا گیا جس سے متعلق 6 جون کو اعلیٰ سطحی فوجی مذاکرات میں اتفاق کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے چین کو سخت پیام دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امن چاہتا ہے لیکن اُکسانے پر وہ منہ توڑ جواب دینے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ 1967ء کے بعد یہ علاقہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ کا سبب ہے۔