ہنمت راؤ اپنے فرزند کے ہمراہ آج کانگریس میں شامل ہوں گے

   

میدک ۔ 26 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک کے سابق رکن اسمبلی و موجودہ رکن اسمبلی حلقہ ملکاجگیری مسٹر مائنم پلی ہنمنت راؤ اپنے فرزند ڈاکٹر مائنم پلی رہت کے ہمراہ نیو دہلی کا دورہ کرتے ہوئے محترمہ سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے 27 ستمبر کو کانگریس سے وابستہ ہوجائیں گے ۔ انھوں نے دو دن قبل بی آر ایس سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کردیا ہے ۔ ایک ہفتہ ہی اُنھیں کانگریس میں شامل ہوجانے کیلئے آل انڈیا کانگریس کی جانب سے گرین سگنل مل چکا تھا ۔ یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ مائنم پلی ہنمنت راؤ اپنے فرزند ڈاکٹر روہت کو میدک سے بی آر ایس ٹکٹ پر میدان میں اُتارنے کیلئے گزشتہ سال سے میدک ٹاؤن اور پورے اسمبلی حلقہ میں مائنم پلی ٹرسٹ کی جانب سے فلاحی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کئی مستحقین کی مدد کی ۔ لیکن جب بی آر ایس کی پہلی فہرست جاری ہوئی اس میں صرف ملکاجگیری سے اُن کا نام شامل تھا لیکن میدک سے سٹینگ ایم ایل اے پدما دیویندر ریڈی کے نام کا اعلان ہوا ۔ جس کے بعد انھوں نے اپنی ہلچل کا آغاز کردیا۔ جیسے ہی ہنمنت راؤ نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کردیا کانگریس کے اعلیٰ قائدین دامودھر راج نرسمہا ، بٹی وکرامارک اُن کی قیامگاہ واقع کوم پلی پہونچکر ملاقات بھی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہنمنت راؤ اپنے لئے ملکاجگری ، اپنے فرزند کیلئے میدک اور حلقہ اسمبلی میڑچل سے اپنے قریبی ساتھی کو ٹکٹ کا مطالبہ کیا جس کو ہائی کمان نے رضامندی کا اظہار بھی کرلیا ۔ علاوہ ازیں مائنم پلی نے میدک متحدہ ضلع میں شامل حلقہ دوباک اور ضلع میدک کے حلقہ نرساپور کے علاوہ حلقہ قطب اﷲ پور کے پارٹی کی جابن سے میدان میں اُتارے جانے والے امیدواروں کے انتخاب میں بھی اپنی جانب سے پوری مدد کرنے کا کانگریس کو تیقن دیا ۔ کہا جارہا ہے کہ مذکورہ نشستوں کے علاوہ خاص کر ملکاجگری ، میڑچل ، میدک پر بی آر ایس اور کانگریس میں مقابلہ نہیں بلکہ ہریش راؤ اور مائنم پلی میں مقابلہ ہونے جارہا ہے ۔ اب وقت ہی بتائے گا کہ فتح کس کو حاصل ہوگی ۔