متنازعہ بیانات پر ہائی کمان برہم، تادیبی کارروائی کمیٹی کو ہدایت
حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تلنگانہ کے دو قائدین کو متنازعہ بیانات کی اجرائی پر وجہ نمائی نوٹس جاری کی جائے گی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے تلنگانہ انچارج قائدین نے تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی سابق رکن اسمبلی کو اس سلسلہ میں ہدایت دی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور رکن اسمبلی جگا ریڈی کو وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی کے امکانات ہیں۔ ان دونوں قائدین نے نئے پی سی سی صدر کے مسئلہ پر بیانات میں ہائی کمان سے تعلق رکھنے والے قائدین کو نشانہ بنایا تھا ۔ ذرائع کے مطابق دونوں قائدین کے بیانات سے پارٹی کا امیج عوام میں متاثر ہوا ہے لہذا ان سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہنمنت راؤ اے آئی سی سی کے رکن ہیں جبکہ جگا ریڈی رکن اسمبلی ہیں ، لہذا تادیبی کارروائی کمیٹی انہیں وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی سے قبل اجلاس طلب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اے آئی سی سی نے وجہ نمائی نوٹس کے بعد تادیبی کارروائی کمیٹی کو رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ ایم کودنڈا ریڈی نے سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہائی کمان نے دونوں سینئر قائدین کو نوٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں قائدین سے جواب ملنے کے بعد ہائی کمان کو روانہ کیا جائے گا جس کے بعد ہائی کمان کسی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ مانکیم ٹیگور اور کے سی وینوگوپال جنرل سکریٹریز کو نشانہ بنانے کے بعد ہائی کمان ہنمنت راؤ پر سخت برہم ہیں۔ ہنمنت راؤ نے اگرچہ مانکیم ٹیگور کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے معذرت خواہی کرلی ہے تاہم مستقبل میں ایسے بیانات سے روکنے کیلئے نوٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہنمنت راؤ اور جگا ریڈی نے ریونت ریڈی کو پی سی سی صدر مقرر کرنے پر پارٹی سے استعفیٰ کی دھمکی دی ہے۔ ہائی کمان ناراض قائدین کے خلاف سخت موقف اختیار کرچکا ہے تاکہ نئے صدر کے اعلان کے بعد تنازعہ کی کوئی گنجائش نہ رہے ۔