یورانیم کھدائی پر جگن کی تائید حاصل کرنے کا مشورہ، قائدین کے سی آر سے مقابلہ کرنے تیار نہیں
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ کانگریس قائدین پر سخت تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ عوامی مسائل پر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے کے بجائے کانگریس قائدین صرف پریس میٹ تک محدود ہوچکے ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کانگریس قائدین کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ عوامی مسائل پر جدوجہد میں ناکامی کے سبب کے سی آر کانگریس کو کوئی اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے نلا ملا جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے بڑے پیمانہ پر کھدائی کے خلاف کانگریس کی جانب سے احتجاج کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ضرورت پڑنے پر اس سلسلہ میں جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تائید حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھدائی کے نتیجہ میں آبی اور فضائی آلودگی کا خطرہ ہے جس سے قبائلیوں کی زندگی خطرہ میں پڑجائے گی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو چاہئے کہ اس مسئلہ پر عوامی تائید حاصل کریں۔ انہوں نے سینئر قائدین کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے رویہ کے سبب کے سی آر بھی جان چکے ہیں کہ قائدین صرف سیٹلمنٹ کیلئے کام آسکتے ہیں۔ انہوں نے یورانیم کیلئے کھدائی کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں کو اس سے نقصان ہوگا۔ لہذا ہم جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آزاد ہوئے 70 برس ہوگئے لیکن آج تک چنچو قبائل کی زندگی میں خوشحالی نہیں آئی۔ انہوں نے حیدرآباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر چالانات کی مہم پر تنقید کی اور کہا کہ چالانات کے نام پر پولیس عوامی رقومات کو لوٹ رہی ہے۔ ایک طرف ڈرنک اینڈ ڈرائی اوردوسری طرف ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے نام پر چالانات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو مصروف اوقات میں ٹریفک جام سے عوام کو راحت پہنچانے کی کوئی فکر نہیں ۔ برخلاف اس کے جگہ جگہ عوام سے چالانات وصول کئے جارہے ہیں۔
