ہنمنت راؤ کانگریس سے ہوسکتے ہیں مستعفی!

   

ریونت ریڈی کو صدر نامزد کرنے پر راؤ ناراض، پارٹی حلقوں میں قیاس آرائیاں

حیدرآباد : کانگریس ہائی کمان کی جانب سے اے ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے کے بعد کانگریس حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں کہ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کانگریس سے مستعفی ہوجائیں گے اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ہنمنت راؤ ابتداء سے ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس کمیٹی بنانے کے مخالف رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس ہائی کمان کو ریونت ریڈی کے خلاف کئی مکتوبات روانہ کرچکے ہیں۔ ان پر عائد مقدمات اور الزامات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ وہ کسی بی سی طبقہ کے قائد کو صدر نامزد کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ اگر یہ ناممکن ہو پایا تودوسرے ریڈی طبقہ کے دعویدار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو صدر نامزد کرنے پر زور دے رہے تھے۔ تاہم کانگریس ہائی کمان نے مختلف رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کو حکمران ٹی آر ایس کا متبادل بنانے اور بی جے پی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا ہے جس پر ہنمنت راؤ کانگریس پارٹی ہائی کمان سے ناراض ہیں۔ پارٹی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں چل رہی ہیکہ ہنمنت راؤ کانگریس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں کیونکہ طویل عرصہ سے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی ان سے ملاقات کرنے کیلئے وقت نہیں دے رہے ہیں جس سے بھی ہنمنت راؤ ناراض ہیں اور کئی مرتبہ انہوں نے اس کی کھلے عام شکایت کی ہے۔ حالیہ دنوں میں ان کے تلنگانہ امور کے انچارجس سے بھی اچھے تعلقات نہیں رہے تھے۔