ہنمنت راؤ کا 12 ڈسمبر سے دہلی میں جنتر منتر پر مرن برت

   

امبیڈکر مجسمہ کیلئے جدوجہد کا انتہائی اقدام ، چیف منسٹر سے دہلی میں دھرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کیلئے 12 ڈسمبر سے دہلی میں جنتر منتر پر مرن برت کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کیلئے انہوں نے ہر سطح پر نمائندگی کی اور جدوجہد کی۔ وہ خود کو بے بس محسوس کررہے ہیں اور آخری اقدام کے طور پر انہوں نے مرن برت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مرنے کے بعد ان کا شمار امبیڈکر کے سچے پیرووں میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجہ گٹہ چوراہے پر مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے مجسمہ اپنی تحویل میں رکھا ہے۔ تین سال گذرنے کے باوجود مجسمہ حوالے نہیں کیا گیا اور نہ ہی ٹی آر ایس حکومت کو مجسمہ کی تنصیب سے کوئی دلچسپی ہے۔ حکومت نے نکلس روڈ پر مجسمہ کی تنصیب کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک تنصیب عمل میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل دستور ہند کے سبب ممکن ہوسکی۔ مجسمہ کے سلسلہ میں صدرجمہوریہ، اسپیکر لوک سبھا، نائب صدر جمہوریہ اور گورنر کے علاوہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو مکتوب روانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کیلئے اپنی جان قربان کرنے تیار ہیں۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے حق میں جنتر منتر پر دھرنا کرتے ہوئے اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ کے سی آر نے مرکز کے خلاف دہلی میں دھرنا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ 12 ڈسمبر کو کے سی آر جنتر منتر پر کسانوں کے حق میں دھرنے کا آغاز کرکے دکھائیں۔ر