وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ نے ملاقات کی ، مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب کا مطالبہ
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال تیسرے دن میں داخل ہوچکی ہے ۔ پنجہ گٹہ چوراہے پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنمنت راؤ اپنی قیامگاہ واقع عنبر پیٹ میں بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ سی پی آئی کے ریاستی قائدین نے آج ہنمنت راؤ سے ملاقات کی اور اظہار یگانگت کیا ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ، آندھراپردیش کے سکریٹری رام کرشنا اور سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر ہنمنت راؤ سے ملاقات کی۔ سی پی آئی قائدین نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے میں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں دیگر قائدین کے کئی مجسمے موجود ہیں لیکن حکومت کو ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ پر اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے تحویل میں لئے گئے مجسمہ کو پنجہ گٹہ میں نصب کیا جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پسماندہ طبقات سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں لیکن حکومت کے عملی اقدامات پسماندہ طبقات کے خلاف ہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ عوامی مسائل پر جدوجہد کرنے والے وی ہنمنت راؤ کا مطالبہ جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب سے متعلق وعدہ کی تکمیل کریں۔ ہنمنت راؤ نے اعلان کیا کہ مطالبہ کی تکمیل تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کی خاموشی پر سخت تنقید کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ناگر جنا ساگر ضمنی چناؤ میں پسماندہ طبقات ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔