ہنمنت راؤ کی عیادت کیلئے ریونت ریڈی ہاسپٹل پہنچ گئے

   

دونوں قائدین میں رازدارانہ بات چیت، کانگریس حلقوں میں خوشی کی لہر
حیدرآباد: پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز ہونے کے بعد ریونت ریڈی نے ناراض قائدین کو منانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ ریونت ریڈی اپنے کٹر ناقد اور سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ کی عیادت کے لئے اپولو ہاسپٹل حیدر گوڑہ پہنچ گئے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری ڈاکٹر چنا ریڈی اور نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی کے ہمراہ ریونت ریڈی نے ہنمنت راؤ کی عیادت کی جو آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ ریونت ریڈی کے ہاسپٹل پہنچنے پر ہنمنت راؤ جذباتی ہوگئے اور انہوں نے تنہائی میں ریونت ریڈی سے کافی دیر تک بات چیت کی اور تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے کیلئے جدوجہد کا مشورہ دیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ صحت یابی کے بعد وہ کے سی آر حکومت کی مخالف دلت پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کے لئے لائحہ عمل تیار کریں گے۔ واضح رہے کہ ہنمنت راؤ نے ریونت ریڈی کے تقرر کی شدت سے مخالفت کی تھی۔ انہوں نے ایک مرحلہ پر پارٹی سے استعفی کی دھمکی دی تھی ۔ ریونت ریڈی اور ہنمنت راؤ کے درمیان خوشگوار ملاقات کا کانگریس حلقوں میں خیرمقدم کیا جارہا ہے اور اسے ناراضگیوں کے خاتمہ کی پہل تصورکیا جارہا ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ آئی سی یو میں زیر علاج ہونے کے باوجود ہنمنت راؤ کو دلتوں اور پارٹی کی فکر ہے۔ ان سے ملاقات کے بعد میرے نزدیک ان کے احترام میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ہنمنت راؤ کے ہمراہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں عوامی مسائل پر جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے دلتوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ دلت امپاورمنٹ کے نام پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا لیکن ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو نصب کرنے سے روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ امبیڈکر مجسمہ کو پنجہ گٹہ چوراہے پر نصب کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں دلت طبقہ کے صرف 100 افراد کو 10 لاکھ روپئے کی امداد کی فراہمی کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں دلتوں کی آبادی 20 فیصد سے زیادہ ہے، ان میں سے صرف 100 کیلئے امداد کی فراہمی کا اعلان افسوسناک ہے۔