8 ماہ کی تنخواہ جاری کرنے حکومت سے مطالبہ، تلگودیشم لیڈر ایم ڈی رحیم کا خطاب
ورنگل ۔ گریٹر ورنگل جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی ایم ڈی رحیم نے کہاکہ کورونا کے سبب خانگی ٹیچرس ،نان ٹیچنگ ملازمین کافی پریشان ہیں اس سلسلے میں حکومت کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خانگی ٹیچرس اور نان ٹیچنگ ملازمین کو 8ماہ کی تنخواہ فراہم کرے ۔خانگی ٹیچرس اور ملازمین کو 8ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنمکنڈہ میں واقع ایکاشیلا پارک میںتلنگانہ آل پرائیویٹ اسکول ٹیچرس اسو سی ایشن کے ریاستی صدر چندر لال نائک کی قیادت میں منعقدہ ہڑتال کی تلگو دیشم قائدین نے تائید کرتے ہوئے ہڑتال پر بیٹھے ٹیچرس و لکچرس کی گلپوشی کی ۔اور تلگو دیشم قائدین بھی ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے تائید کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ایم ڈی رحیم نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت خانگی ٹیچرس ، نان ٹیچنگ اسٹاف کے مطالبہ کو قبول کرنے تک تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے انہیں تائید حاصل رہے گی ۔انہوںنے کہاکہ خانگی ٹیچرس پر اپنے گھروں کی ذمہ داریاں ہیں انہیں کوئی تنخواہ نہ ملنے پر وہ کافی پریشان ہیں بچوں کی بیماری کا علاج کرنے سے بھی وہ قاصر ہیں ۔انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ خانگی ٹیچرس کئی ماہ سے احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے ۔اسی طرح حکومت عوامی مسائل کو نظر انداز کریگی تو عوام ہی حکومت کو سبق سکھائے گی ۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خانگی ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کرتے ہوئے انہیں آٹھ ماہ کی تنخواہ جاری کرے بصورت دیگر تلگو دیشم کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ۔اس موقع پر ورنگل پارلیمان سکریٹری مہیش ،برلا یاکوب ،پربھاکر ،سدھاکر ،منوہر ،اے ستیش ،رویندر ،کمار سوامی ،گپتا اور دیگر موجود تھے ۔