غیر مجاز قبضہ کی بھی کوشش، ڈاکٹر انیس صدیقی کی قیادت میں ارباب مجاز سے شکایت
ورنگل : 5 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپل کارپوریشن ورنگل کی جانب سے مسلم قبرستان اینوگلہ گنڈہ (ہنمکنڈہ) میں جے سی بی کے ذریعہ کام انجام دیئے جارہے ہیں حالانکہ اس قبرستان کی اراضی پر کورٹ کی جانب سے پرمننٹ انجکشن آرڈر ہونے کے باوجود یہ حرکت کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں ڈاکٹر انیس صدیقی صدر شانتی سنگھم کی قیادت میں بطور احتجاج ایڈیشنل کلکٹر کو یادداشت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر انیس صدیقی نے بتایا کہ قبرستان کے تقدس کا لحاظ کئے بغیر قبرستان کے اندرونی حصہ میں کچرے کی کنڈی رکھ دی گئی ہے جس کی بنا پر اطراف و اکناف کے لوگ پورے قبرستان کو ہی کچرے کی گنڈی سمجھتے ہوئے اپنی دوکانات اور ہوٹلوں کا کچرا نہ صرف پھینک رہے ہیں بلکہ کئی ایک راہ گیر اس مقام کو بطور ٹائلٹ استعمال کررہے ہیں اور انتہائی افسوس ناک بات یہ ہے کہ قبرستان کے باب الداخلہ کے قریب میونسپلٹی کی جانب سے ایک عوامی بیت الخلاء بنایا گیا جو نہ صرف مضر صحت بلکہ عدالتی احکام کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلہ میں فوری طور پر میونسپل کمشنر سے ربط پیدا کیا اور ساتھ ہی ایک وفد کی شکل میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سے ملاقات کرکے تفصیلات پیش کی گئی کیوں کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر تمام اوقافی جائیدادوں کا محافظ ہوتا ہے۔ نہ صرف کچرا ڈالا جارہا ہے بلکہ قبرستان کے احاطہ میں مختلف بسوں اور کاروں کی پارکنگ کی جارہی ہے۔ علاوہ اس کے کئی ایک ناجائز ڈبے بناکر قبضہ کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں ارباب اقتدار فوری کارروائی کرتے ہوئے اس قبرستان کی اراضی کا تحفظ کریں۔ شہر کے اہم تجارتی مرکز کے پاس لب سڑک مسلم قبرستان کی اراضی ہونے کی وجہ سے آئے دن کچھ نہ کچھ حرکتیں ہوتی ہیں۔ سابق میں وقف بورڈ کے اہم ذمہ داران اس اراضی کا معائنہ کرچکے ہیں۔