ہنومان جینتی جلوس گذرنے کے راستوں کا کمشنر پولیس کا دورہ

   

کل جلوس کے دوران تین ہزار پولیس ملازمین کی تعیناتی عمل میں آئے گی
حیدرآباد ۔31 ۔ مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ہنومان جینتی جلوس کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے دیگر پولیس عہدیداروں اور بلدیہ حکام کے ساتھ جلوس کے راستہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 اپریل کو منعقد ہونے والے ہنومان وجئے یاترا کے پیش نظر 3000 پولیس ملازمین کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 کیلو میٹر طویل جلوس کا آغاز گولی گوڑہ کے رام مندر سے ہوگا جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتا ہو ا سکندرآباد تاڑبن پر اختتام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہنومان جینتی کے موقع پر چھوٹے موٹے 168 جلوس نکالے جائیں گے جو کلیدی جلوس میں شامل ہوجائیں گے۔ اس موقع پر عثمانیہ میڈیکل کالج کوٹھی کے آڈیٹوریم میں بین رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں رام نومی جلوس کے دوران جس طرح عوام نے پولیس سے تعاون کیا۔ ہنومان جینتی میں بھی اسی قسم کا تعاون کر کے شہر میں پرامن حالت کو برقرار رکھنے میں مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس کے موقع پر شہر میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے جائیں گے اور سوشیل میڈیا پر کسی بھی قسم کے افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر تفسیر اقبال ، جوائنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک جوئیل ڈیوس اور جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر روی کرن نے شرکت کی۔ب