حیدرآباد/16 اپریل ( سیاست نیوز) شہر میں ہنومان جینتی شوبھا یاترا جلوس کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا۔ رام مندر گولی گوڑہ سے سکندرآباد تاڑبن تک جلوس کیلئے پولیس نے سخت ترین صیانتی انتظامات کئے تھے۔ یاترا کے اہم راستوں پر عبادت گاہوں کو ڈھانک دیا گیا تھا اور عبادت گاہوں کے قریب سیکوریٹی تھی ۔ پولیس کمشنر سی وی آنند صبح سے جلوس کی نگرانی کررہے تھے۔ اہم مقامات پر پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور کمانڈ کنٹرول سے جلوس پر نظر رکھے تھے۔ پولیس عہدیدار حساس مقامات پر انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ کل رات سے پولیس نے جلوس کی گذرگاہوں کو عملاً اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ ملک کے دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ واقعات کے بعد سٹی پولیس نے غیر معمولی چوکسی اختیار کرلی تھی اور سادہ لباس میں پولیس عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ جلوس کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ جلوسیوں کیلئے دیگر محکمے بھی سرگرم تھے۔ 12 کیلو میٹرطویل جلوس کی نگرانی اور انتظامات کیلئے ہزاروں پولیس اہلکار متعین تھے ۔ پولیس سے سوشیل میڈیا پر خصوصی نظر رکھی گئی تھی۔ جلوس کے پُرامن انعقاد پر پولیس نے چین کی سانس لی ۔ع