ہنومان چالیسہ تنازعہ، نونیت رانا اور ان کے شوہرگرفتار

,

   

نفرت انگیز تقریر کا الزام‘ آج باندرا کورٹ میں پیش کیا جائے گا
ممبئی:مہاراشٹرا میں ہنومان چالیسا پر کئی گھنٹوں کے ہائی وولٹیج ڈرامہ کے بعد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے رکن اسمبلی شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔ امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر روی رانا نے ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کیا تھا لیکن ہفتہ کی صبح رانا کے گھر کے باہر سینکڑوں شیوسینک جمع ہو گئے۔ شیوسینا کے کارکنوں نے وہاں ہنومان چالیسا بھی پڑھا۔ پہلے تو رانا جوڑا اپنے اعلان پر قائم رہا لیکن جب انہیں کوئی راستہ نہ ملا تو وہ پیچھے ہٹ گئے۔رانا جوڑے نے کہا کہ وہ فیصلہ واپس لے رہے ہیں کیونکہ کل وزیر اعظم مودی ممبئی تشریف لا رہے ہیں اور وہ اس کی وجہ سے امن و امان کی فضا خراب نہیں ہونے دینا چاہتے۔ تاہم دیر شام ممبئی پولیس نے ایم پی نونیت رانا اور ان کے ایم ایل اے شوہر روی رانا کو حراست میں لے لیا اور کھار پولیس اسٹیشن پہنچا دیا۔ جہاں بعد میں انہیں دفعہ 153A کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق گرفتار شدہ رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر کو کل باندرا کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔