کنگسٹن۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹسٹ میچ میں 257 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر ہندوستان کے سب سے زیادہ کامیاب ٹسٹ کپتان بنے ویراٹ کوہلی نے مڈل آرڈر بیٹسمین ہنوما وہاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس مقابلے میں اپنی قابلیت و اہلیت کو ثابت کیا ہے۔ہنوما کی تعریف کرتے ہوئے کپتان نے کہاکہ ہنوما نے اس میچ میں شاندار بیٹنگ کی۔ انہوں نے اس مقابلے میں اپنی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے شراکت کی اور پوری لگن کے ساتھ بیٹنگ کی۔ پچ کو دیکھتے ہوئے ان کی اننگز بہترین تھی۔ کوہلی نے کہاکہ ہنوما ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو پورے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کرنے اترتے ہیں۔ انہیں پتہ ہے کہ ان کا رول کیا ہے اور وہ اپنی ذمہ داری بخوبی سمجھتے ہوئے بیٹنگ کرتے ہیں۔ جب ہنوما کریز پر ہوتے ہیں تو ڈریسنگ روم نمایاں پرسکون رہتا ہے۔ ٹیم کے کھلاڑی مطمئن رہتے ہیں۔ ان کی یہ خاصیت ہے۔ کوہلی نے کہا کہ ہنوما اپنی پچھلی غلطیوں سے سبق لیتے ہیں۔ وہ اپنی غلطی کو پہچان کر اس میں اصلاح کرتے ہیں۔ ہنوما ہمیشہ ٹیم میں شراکت دینا چاہتے ہیں۔ وہ ابھی نوجوان ہیں اور ان کا کریئر کافی طویل ہے۔ انہوں نے اس مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی صلاحیت دکھائی اور یہ ثابت کیا کہ ان کا ٹیم میں انتخاب کس بنیاد پر کیا گیا۔ہندستان کے لئے سب سے زیادہ کامیاب ٹسٹ کپتان بننے پر انہوں نے کہاکہ یہ ٹیم کی مشترکہ کارکردگی کی وجہ سے ممکن ہو سکا ہے۔ ہماری ٹیم انتہائی مضبوط ہے۔