مادھبی پوری بچ اور ان کے شوہر نے الزامات کو بے بنیاد بتاکر مسترد کردیا
ممبئی: امریکی شارٹ سیلر فرم ہنڈنبرگ نے کل پھر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ نئی رپورٹ میں مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کی چیئرپرسن مادھبی پوری بْچ پر کئی سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ اب ان الزامات پر سیبی چیئرپرسن کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا اور اسے کردار کشی کی کوشش قرار دیا۔واضح رہے ایک بار پھر ہنڈ برگ نے ’اڈانی بم‘ پھوڑا ہے، لیکن اس مرتبہ سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بْچ کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ہنڈنبرگ کی تازہ رپورٹ کو دیکھیں تو اس میں بتایا گیا ہیکہ وہسل بلووَر دستاویزات کے مطابق سیبی کی چیئرپرسن مادھبی اور ان کے شوہر کے پاس اڈانی منی سائفننگ اسکینڈل میں استعمال کی گئی غیر واضح آفشور انٹٹی میں شراکت داری تھی۔ منی کنٹرول ہنڈنبرگ کی اس رپورٹ پر ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں رپورٹ کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ہم نے پہلے ہی دیکھا تھا کہ اڈانی کو سنگین ریگولیٹری مداخلت کے رِسک کے بغیر کام جاری رکھنے کا پورا بھروسہ ہے۔ اس کی وجہ سیبی چیئرپرسن مادھبی بْچ کے ساتھ اڈانی کا رشتہ ہو سکتا ہے۔ اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ سیبی کی موجودہ چیئرپرسن اور ان کے شوہر دھول بْچ کے پاس ٹھیک اسی غیر واضح آفشور برموڈا اور ماریشس فنڈ میں چھپا ہوا اسٹیک تھا جو ونود اڈانی کے ذریعہ استعمال کردہ کامپلکس اسٹرکچر میں پائے گئے تھے۔ جوڑے نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا کہ ان کے مالی معاملات شفاف ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سیبی میں آنے سے دو سال قبل یہ سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ دوسری طرف اپوزیشن پارٹی کانگریس نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ اڈانی کی SEBI کی تحقیقات میں مفادات کے تمام تنازعات کو ختم کرنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرے۔ پارٹی نے کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں کی ملی بھگت کی تحقیقات کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے قیام سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔