دونوں ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی
نئی دہلی: اڈانی گروپ پر امریکی تحقیقی کمپنی ہنڈن برگ کی رپورٹ کو لے کر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے کوئی کام نہیں ہوسکا اور دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ جیسے ہی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی، کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ہنڈن برگ رپورٹ کا مسئلہ اٹھایا اور فوری بحث کا مطالبہ کیا۔ دونوں ایوانوں میں پریزائیڈنگ افسران نے اپوزیشن کے اس مطالبے کو مختلف وجوہات بتا کر مسترد کر دیا تو اپوزیشن ارکان نے شور شرابا شروع کر دیا۔ جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں میں وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہیں ہو سکا۔کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے اس وقت ہنگامہ کھڑا کر دیا جب راجیہ سبھا اور لوک سبھا نے صبح 11 بجے سابق مرکزی وزیر قانون شانتی بھوشن کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ضروری دستاویزات رکھنے کے عمل کو مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ چیرمین جگدیپ دھنکھڑاور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کو آرام سے چلنے دینے کی بار بار اپیلیں کیں، لیکن اپوزیشن ارکان نے اپنا ہنگامہ جاری رکھا۔ اس کے پیش نظر شری دھنکھڑ اور مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔