ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

   

نئی دہلی: لوک سبھا میں چہارشنبہ کو بھی کافی ہنگامہ ہوا جس کی وجہ سے لنچ کے وقفہ کے بعد بھی ایوان نہیں چل سکا اور صدرنشین کو ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔ لوک سبھا کی کارروائی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی صدرنشین کریٹ سولنکی نے دوپہر 2 بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، اپوزیشن کے اراکین ایوان کے بیچ میں آگئے اور ہنگامہ آرائی کرنے لگے ۔ اس دوران بی جے پی اراکین بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شور مچانا اور نعرے بازی شروع کردی۔ اپوزیشن کے اراکین بھی بی جے پی کے ہنگامے کو نہیں سمجھ سکے اور وجہ جاننے کی کوشش کرتے نظر آئے ۔بی جے پی اور اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان صدر نشین نے کرسی کے سامنے آنے والے اراکین سے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس چلے جائیں اور بی جے پی کے اراکین کے ساتھ شور نہ مچائیں لیکن دونوں کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے صدر نشیں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی۔ صبح جب صدر نشین متھن ریڈی نے وقفہ سوال شروع کیا، اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔