ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی پھر ملتوی

   

نئی دہلی: کانگریس اور اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کے باعث ایوان بالا راجیہ سبھا کی کارروائی چہارشنبہ کی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے نوٹس دینے کا مسئلہ اٹھایا۔ اس دوران کانگریس کے پی چدمبرم نے بھی کچھ کہنا چاہا۔چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملاہے ۔ انہوں نے ایک اورنوٹس کو مسترد کر دیا ۔ اسی دوران کانگریس کے کچھ ارکان کھڑے ہوگئے اور شور مچانا شروع کردیا اور کچھ ارکان اپنی نشستوں سے آگے بڑھ گئے ۔اپوزیشن اراکان کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ آپ ارکان کو وقفہ صفر کے دوران معاملات اٹھانے سے محروم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ارکان سے سوال کیا کہ کیا یہ ایوان چلانے کا طریقہ ہے ؟ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کر دی۔