نئی دہلی : لوک سبھا میں اپوزیشن کے ہنگامے کے سبب مانسون اجلاس کے 12 ویں دن بھی وقفہ سوال نہیں چل سکااور ایوان کی کارروائی وقفہ سوال کے دوران دو بار ملتوی کرنی پڑیپریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ایک بار کے التوا کے بعد ساڑھے گیارہ بجے ہی وقفہ سوال شروع کیا تو اپوزیشن کے ارکان بینر اور تختیاں لیکر ایوان کے بیچو بیچ آگئے اور نعرے بازی کرنے لگے ۔ مسٹر اگروال نے انہیں ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا اور ایوان چلانے کی کوشش کی لیکن ارکان کا ہنگامہ مسلسل جاری رہا۔مسٹر اگروال نے ارکان سے ہنگامہ نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سخت لہجے میں کہا ‘‘آپ لوگ ایسا نہ کیجئے ۔ اپنی نشست پر بیٹھ جایئے ۔ کارروائی کے لئے رکاوٹ نہ بنئے ۔ حدود کی خلاف ورزی نہ کیجئے ۔ نعرے لگانا، بینر لہرانا ناقابل قبول ہے ’’۔ ہنگامہ میں اضافہ دیکھ کر انہوں نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو ہنگامے کے سبب ایوان کی کارروائی ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کرنی پڑی تھی۔