ہنگامی خدمات انجام دینے والوں کی ستائش کیلئے تالیاں اور گھنٹیاں بجائی گئیں

,

   

نئی دہلی ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں جنتاکرفیو کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے ورکرس کی ستائش کیلئے شام 5 بجے 5 منٹ تک تالیاں اور گھنٹیاں بجاکر خیرمقدم کریں ۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔ مرکزی قائدین ، مرکزی کابینہ کے وزراء نے اس میں حصہ لیا ۔ نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ تالی بجائی ۔ مرکزی وزیر گڈکری نے بھی گھر کی چھت سے تالی بجاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ۔ سوپر اسٹار امیتابھ بچن نے بھی اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ گھر کی چھت پر تالیاں بجاتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی کام انجام دینے والے ورکرس کا خیرمقدم کیا ۔ امیتابھ بچن کے ہمراہ جیا بچن ان کی دختر ، بہو ایشوریا ، فرزند ابھیشیک بھی موجود تھے ۔ فلمی دنیا کے دیگر افراد نے بھی تالیاں اور گھنٹیاں بجائی ۔ فلم اداکار اکشئے کمارنے بھی اپنے گھر کے سامنے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی ۔