نئی دہلی: راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں منی پور کے واقعات پر ضابطہ 176 کے تحت بحث کا مطالبہ کیا جس کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان نے سخت مخالفت کی۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر کھرگے نیمنی پور کے واقعات پر بحث کا مطالبہ کیا اور اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے اس کی بھرپور حمایت کی۔ اسپیکر جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ انہیں منی پور تشدد پر بحث کے لیے ضابطہ 267 کے تحت 48 نوٹس موصول ہوئے ہیں جو اصول کے مطابق نہیں ہیں اور ان کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ اسی طرح اس معاملے پر قلیل مدتی بحث کے لیے 19 نوٹس موصول ہوئے ہیں اور ضابطہ 167 کے تحت بحث کے لیے تین نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ دریں اثناء ایوان کے قائد پیوش گوئل نے کہا کہ انہیں اپوزیشن کے ایک سینئر لیڈر کی طرف سے تجویز موصول ہوئی ہے ۔ چار اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات ہوئی۔ وہ قائد حزب اختلاف کے کمرے میں بھی گئے اور کچھ باتیں کیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں نے ان کے کمرے میں آنے سے انکار کیا، اس سے ان کی ذہنیت ظاہر ہوتی ہے ۔ کانگریس کے جے رام رمیش نے اس کی تردید کی۔بعد میں قائد حزب اختلاف کھرگے نے کہا کہ قائد ایوان ان کے کمرے میں آئے تھے ۔