واشنگٹن ۔ 8 نومبر (ایجنسیز) امریکہ نے ہنگری کو روسی تیل اور گیس کی خریداری پر عائد پابندیوں سے ایک سال کے لیے استثنیٰ دے دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہنگری کو یہ رعایت مخصوص شرائط کے تحت دی گئی ہے۔عہدیدار کے مطابق ہنگری نے تقریباً 600 ملین ڈالر مالیت کی امریکی قدرتی گیس خریدنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس پیش رفت کو امریکہ اور ہنگری کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں تعاون، خصوصاً امریکی قدرتی گیس کی خریداری پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے کہ امریکہ نے یوکرین جنگ کے بعد روس سے تیل اور گیس خریدنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، تاہم ہنگری کو اس فیصلے سے عارضی طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔