نئی دہلی: گنگسٹر گولڈی برار نے مشہور ریپر اور گلوکاریو یو ھنی سنگھکو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ کینیڈا میں بیٹھے اس گینگسٹر نے وائس نوٹ بھیج کر دھمکی دی ہے، جس کی شکایت انہوں نے دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کو دی ہے۔ پولیس نے وائس نوٹ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔گولڈی برار پنجاب کے مشہور گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس کا مرکزی ملزم بھی ہے اور اس وقت مفرور ہے۔ اس سے قبل وہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دے چکا ہے۔رواں سال مارچ میں اس نے سلمان خان کو ای میل بھیج کر دھمکی دی تھی جس کی شکایت پر پولیس نے سلمان خان کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی تھی۔گولڈی برار کا پورا نام ستویندرجیت سنگھ ہے۔اس کا خاندان مکتسر صاحب کا رہائشی ہے جہاں وہ 1994 میں پیدا ہوا تھا۔ اسے لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے جو اس وقت کینیڈا سے پورے گینگ کو چلا رہا ہے۔ برار کیخلاف قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری جیسے کئی مجرمانہ مقدمات زیر التوا ہیں، جن میں اس کیخلاف کھلے عام ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔