ہوسٹن فائرنگ میں پانچ پولیس اہلکار زخمی، دو مشتبہ حملہ آور ہلاک

   

ہوسٹن۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی ہوسٹن میں پولیس جس وقت ایک مکان پر تلاشی وارنٹ کے ساتھ پہنچی تو اچانک مشتبہ افراد کی فائرنگ میں پانچ پولیس افسران زخمی ہوگئے۔ ہوسٹن پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔ پولیس ایک تلاشی وارنٹ کے ساتھ ایک مکان پر پہنچی تھی لیکن دروازہ کھولنے سے عین قبل پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جانے لگی۔ 40 تا 50 سال کے درمیان کی عمر والے چار افسران زخمی ہوگئے جبکہ ایک دیگر 33 سالہ پولیس آفیسر کے گھٹنوں میں شدید چوٹیں آئیں۔ ہوسٹن پولیس کے سربراہ آرٹ اسیویڈو نے یہ بات بتائی اور کہا کہ زخمی افسران کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے دعا کیجئے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشتبہ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

تیل کمپنی پر تحدیدات عائد کرنے پر
امریکہ کیخلاف کارروائی کی جائیگی : مادورو
کراکس ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے عزم کیا ہیکہ وہ ملک کی تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے پر عائد کی گئی امریکی تحدیدات کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ مادورو نے کہا کہ انہوں نے پی ڈی وی ایس اے کے سربراہ کو ہدایت کی ہیکہ وہ امریکہ کے خلاف امریکی اور بین الاقوامی عدالتوں سے رجوع ہوں تاکہ سیٹگو کی جائیدادیں اور اثاثہ جات کا تحفظ کیا جاسکے۔ پی ڈی وی ایس اے امریکہ میں اس کی معاون ہے۔